کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے میں نے زندگی میں بہت سارے تجربات کئے ہیں، میرے والد صاحب بھی مجھ سے کہا کرتے تھے تم کیونکر اتنے تجربات
کرتے رہتے ہو لیکن تجربات سے یہ ہوا کہ میرے پاس پائلٹ کا تجربہ بھی ہے، بینکرز کا تجربہ بھی موجود ہے، شاعری نہ کرسکا اس کی وجہ یہی ہے کہ تخلیق اللہ تعالیٰ نے وراثت میں نہیں رکھی، آرکٹیکٹ کا شعبہ مجھے ہمیشہ سے پسند رہا اسی لئے میں اس فیلڈ میں دلچسپی لیتا رہا ،انفارمیشن کی وزارت میرے مزاج کی تھی ہی نہیں ,سیاست میں عمران خان کی وجہ سے آیا مشکل رقض بھی کئے،ہم صرف ٹیکسٹائل پر انحصار نہیں کرسکتے اب ہمیں اس سے باہر نکلنا ہے۔ نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کے دوران پائلٹ کی فیلڈ چھوڑنے کی وجہ بتاتے ہوئے شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ایک مرتبہ جہاز کو لینڈ کراتے وقت میرے ذہن میں خیال آیا شبلی ساری عمر یہی کرنا ہے جواب آیا نہیں تو پھر نہیں کیا، کمرشل فلائنگ لائسنس بھی حاصل کیا تاہم فلائنگ کو بطور پیشہ نہیں اپنایا۔