کراچی (این این آئی)پاکستان تحریکِ انصاف کے رکنِ قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین اپنی تیسری شادی کے بعد کہا ہے کہ اللہ نے شادیوں کا کہا ہے طلاق کا نہیں، بشریٰ کو طلاق دی نہ خلع کے کاغذات پر دستخط کیے۔تفصیلات کے مطابق شادی کے بعد عامر لیاقت نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ یوٹیوبر نادر علی کے
پوڈکاسٹ میں شرکت کی جس میں انہوں نے ان موضوعات پر گفتگو کی جو اس سے قبل موضوعِ بحث نہیں رہے تھے۔عامر لیاقت حسین نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے اپنی پہلی اہلیہ بشریٰ اقبال کو طلاق نہیں دی اور نہ ہی دوسری اہلیہ طوبیٰ انور کے خلع کے کاغذات پر دستخط کیے۔عامر لیاقت حسین نے شادی اور طلاق کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شادی کرنا خاصہ مشکل ہے تاہم طلاق دینا اور چھوڑ دینا زیادہ آسان ہے، میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ میں نے اپنی سابقہ بیویوں کو نہیں چھوڑا۔انہوں نے کہا کہ نہ میں نے بشریٰ کو طلاق دی اور نہ ہی طوبیٰ کے خلع کے کاغذات پر دستخط کیے، بشریٰ نے خود طلاق کا اعلان کیا ہے میں نے انہیں نہیں دی۔عامر لیاقت نے انکشاف کیا کہ میں کسی عدالت نہیں گیا، میں طلاق اور خلع کو اچھا نہیں سمجھتا، اللہ تعالیٰ نے شادیاں کرنے کا کہا ہے، طلاق اور خلع دینے کا نہیں۔انہوں نے کہا کہ طلاق اور خلع کے معاملات ان دونوں نے خود ہی دیکھے، میں اس میں شامل نہیں تھا جس پر میزبان نادر علی نے پوچھا کہ ایسے طلاق ہوجاتی ہے؟ جواب میں عامر لیاقت حسین نے کہا کہ مجھے اس بارے میں علم نہیں لیکن میں کسی عدالت نہیں گیا۔