کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)ٹک ٹاکر حریم شاہ کے شوہر بلال شاہ نے اپنے اوپر لگائے گئے پولیس رپورٹ میں الزامات کے خلاف عدالت سے رجوع کرلیا ہے۔بلال شاہ نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا اس وقت پولیس سمیت کسی سرکاری محکمے سے تعلق نہیں ہے۔ سندھ پولیس کے محکمے سے تعلق
سے متعلق پوچھے جانے والے سوال پر بلال شاہ کا کہنا تھاکہ شوق کے لیے پولیس میں بھرتی ہوگیا تھا لیکن جاتا نہیں تھا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ پولیس کی نوکریاں پیسے دے کر خریدی جاسکتی ہیں جس پر ان سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ بھی پیسے دے کر بھرتی ہوئے تھے اس کے جواب میں بلال شاہ نے کہا کہ میں میرٹ پر بھرتی ہوا تھا۔بلال شاہ نے اپنے اوپر لگائے گئے تمام الزامات کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں نے کبھی بلاول ہاؤس میں نوکری نہیں کی اور ویگو نہیں اس سے بہت اچھی اچھی گاڑیاں ہیں،کرائے کے گھر پر نہیں رہتا بلکہ گھروں کو کرائے پر دیا ہوا ہے۔ذریعہ معاش سے متعلق سوال کے جواب پر بلال شاہ کا کہنا تھا کہ جم انسٹرکٹر ہوں ڈیفنس میں اپنا جم ہے، تین سال سے جم چلا رہا ہوں اور یہی ذریعہ معاش ہے، حکومت کو ٹیکس دیتا ہوں لیکن یاد نہیں کتنا ٹیکس دیتا ہوں۔حریم شاہ سے شادی سے متعلق سوال پر بلال شاہ کا کہنا تھا کہ حریم شاہ سے چار ماہ قبل شادی ہوئی تاریخ یاد نہیں، حریم شاہ سے شادی اور سندھ ہائی کورٹ سے ایف آئی اے کے خلاف اپنی بیوی کے لیے حکم امتناع لینے کے بعد میرے خلاف انتقامی کارروائی شروع کی گئی ہے۔