سرگودھا(این این آئی)سرگودھا میں دوشیزہ نے خود کو مرحوم کی بیوہ ظاہر کر کے جعلی نکاح نامہ تیار کروا کر مرحوم شوہر کی پنشن،بقایا جات اور بینک کارڈ سمیت دیگر مراعات حاصل کرنے کے لیے مختلف اداروں سے رجوع کرلیا تو اصل بیوہ خاتون واقعہ کا مقدمہ درج نہ ہونے پر اینٹی کرپشن کے خلاف سیشن کورٹ پہنچ گئی۔جس کی درخواست پر عدالت نے رپورٹ طلب کر لی۔زرائع کے
مطابق سرگودھا شہر کے علاقہ اولڈ سول لائنزکی بیوہ خاتون سروری بی بی نے ایڈیشنل سیشن جج عبداللہ عثمان کو درخواست دی کہ اس کا شوہر محمد خلیل محکمہ پولیس میں سب انسپکٹر ڈیوٹی کرتے ہوئے گزشتہ دنوں انتقال کرگیا تو کلثوم نامی خاتون نے نکاح خواں قاری محمد فاروق اور سیکرٹری یونین کونسل اقبال کالونی حافظ محمداویس سے ملی بھگت کر کے جعلی نکاح نامہ تیار کروالیا جس میں خودکو محمد خلیل کی منکوحہ ظاہر کر کے متعلقہ محکموں سے مرحوم کی پنشن اور دیگر مراعات سمیت بینک سے اے ٹی ایم کارڈ حاصل کرنے کے لیے رجوع کرلیا۔جس کا علم ہونے پر خاتون کلثوم بی بی اور اس کے ساتھیوں کے خلاف ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کو درخواست دے دی جس پر محکمہ اینٹی کرپشن کاروائی کی بجائے ٹال مٹول کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ فاضل عدالت کے جج نے بیوہ خاتون کی درخواست پر واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سے رپورٹ طلب کر لی ۔



















































