کراچی(این این آئی) محکمہ موسمیات نے کراچی میں تیز ہوائوں اور اندھی کا الرٹ جاری کردیا اور کہاہے کہ تیز ہوائوں کی وجہ سے کمزور انفرااسٹرکچر کو نقصان ہوسکتا ہے۔تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے تیز ہوائیں چلنے کا الرٹ جاری کردیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ
مغربی ،جنوبی بلوچستان اور کراچی میں شمال مغرب سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق 2 فروری بروز بدھ سے2دن کے لیے کراچی اور بلوچستان میں ہوائوں کی رفتار 36 سے 45 کلومیٹر تک چلنے کا امکان ہے،کبھی کبھی ہوائوں کی رفتار 54 کلومیٹر فی گھنٹہ کو بھی چھوسکتی ہے۔الرٹ میں کہا گیا ہے کہ تیز ہوائوں کی وجہ سے گرد و غبار اڑ سکتا ہے اور ہوائوں کا سلسلہ آج(بدھ) دوپہر سے 3 فروری تک جاری رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہوائوں کی وجہ سے کمزور انفرااسٹرکچرکو نقصان ہوسکتاہے اور سمندر میں طغیانی ہوسکتی ہے، اس لئے ماہی گیر 2 دن احتیاط کریں۔محکمہ موسمیات نے بدھ سے کراچی اور بلوچستان میں تیز ہوائیں چلنے سے سردی بڑھنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہواں کی سمت تبدیل ہونے سے سردی یا خنکی میں اضافہ ہوسکتا ہے۔محکمہ موسمیات نے کہاکہ موسم میں تبدیلی کسی نئے سسٹم کے باعث نہیں ہوگی۔ اس دوران کم سے کم درجہ حرارت 12 اورزیادہ سے زیادہ 28 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔



















































