لاہور(این این آئی) دفتر اکائونٹنٹ جنرل پنجاب لاہور میں پنشنرز کارڈ کے اجراء کے سلسلے میں تقریب منعقد ہوئی۔تقریب کے مہمان خصوصی کنٹرولر جنرل آف اکائونٹس پاکستان جناب فرخ احمد حمیدی تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فرخ احمد حمیدی نے کہاکہ پنشن کارڈ
ریٹائرڈ ملازمین کا ایک دیرینہ مطالبہ تھا جو پورا کردیاگیا ہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ اگلے مرحلے میں پنشنرز کیلئے ایس ایم ایس سروس اور آن لائن پنشن کیس جمع کروانے کا سلسلہ شروع کر دیاجائے گا۔ اس کے علاوہ جلد ہی فیصل آباد میں بھی ایک پنشنرز سہولتی مرکز کا افتتاح کر دیا جائے گا۔ کنٹرولر جنرل آف اکائونٹس نے مزیدکہاکہ پنشنرز کو بہترین سہولیات کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے اور پاکستان کے تمام اکائونٹنٹ جنرل کے دفاتر اس سلسلے میں تندہی سے کام کیا جا رہا ہے۔ پنشن کارڈ کی تقسیم کی تقریب میں سید عمار نقوی اکائونٹنٹ جنرل پنجاب، ڈاکٹر شفیق الرحمن ڈائریکٹر جنرل پنجاب اور محمود لطیف ایڈیشنل اکائونٹنٹ جنرل (ایڈمن) پنجاب نے بھی شرکت کی۔



















































