کراچی(این این آئی)زرمبادلہ کے ذخائر میں گراوٹ کا سلسلہ جاری ہے، جہاں زرمبادلہ کے ذخائر میں ایک ہفتے کے دوران 55کروڑ ڈالر سے زائد کمی واقع ہوئی ہے۔
جاری اعداد و شمار کے مطابق 14جنوری کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ملکی مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر میں مزید 55کروڑ20لاکھ ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں زرمبادلہ کے ذخائر کی مجموعی مالیت 23ارب90کروڑ10لاکھ ڈالر سے کم ہوتے ہوئے 23ارب 35کروڑڈالر کی سطح پر آگئی۔اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق اس دوران مرکزی بینک کے پاس موجود زرمبادلہ کے ذخائر میں 56کروڑ20لاکھ ڈالر کی کمی ہوئی ہے تاہم اس کے مقابلے میں دیگر کمرشل بینکوں کے پاس موجود ذخائر میں 1کروڑ10لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے جس سے اسٹیٹ بینک کے ذخائر گھٹ کر 17ارب59کروڑ80لاکھ ڈالر رہ گئے ہیں جو اس سے پچھلے ہفتے 17ارب3کروڑ60لاکھ ڈالر تھے۔کمرشل بینکوں کے پاس موجود زرمبادلہ کے ذخائر اس دوران 6ارب30کروڑ40لاکھ ڈالر سے بڑھ کر 6ارب31کروڑ40لاکھ ڈالر ہوگئے۔