کراچی(این این آئی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق اسٹار آل راؤنڈر اور کپتان شاہد خان آفریدی نے فلاحی سرگرمیوں کے لیے افغانستان جانے کا اعلان کیا ہے۔ایک بیان میں سابق قومی کھلاڑی نے کہاکہ فلاحی مقاصد کے لیے دنیا بھر میں
سرکردہ شاہد خان آفریدی فاؤنڈیشن افغانستان میں بھی خدمات انجام دینا چاہتی ہے، اس حوالے سے افغان حکومت کی جانب سے رابطے پر فائونڈیشن نے مثبت جواب دیا ہے۔سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں کے مطابق شاہد آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ وہ افغانستان جانے کے لیے دستاویزات کے منتظر ہیں جس کے لیے پاکستان میں افغان سفارت خانے سے رابطے میں ہیں۔دوسری جانب ٹوئٹر پر شاہد خان آفریدی نے شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کی ٹوئٹ ری شیئر کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ کی۔ شاہد آریدی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھاکہ مصیبت کے وقت کمزوروں کے کام آنا بے حد ضروری ہے۔ آل راؤنڈکھلاڑی نے ٹوئٹ میں شاہد خان آفریدی فاؤنڈیشن کے افغانستان میں امدادی کاموں پر خوشی کا اظہار بھی کیا۔