کراچی، لاہور(این این آئی، آن لائن) عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستان میں بھی پیٹرول مزید مہنگے ہونے کا خدشہ ہے۔ذرائع کے مطابق عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافے سے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ پیٹرول 150 روپے فی لیٹر ہونے کا خدشہ ہے۔
آئل مارکیٹنگ ذرائع کے مطابق 16 جنوری سے پیٹرولیم قیمتیں 6 روپے لیٹر تک بڑھنے کا امکان ہے جس میں پیٹرول 5 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 6 روپے فی لیٹر تک جانے کا تخمینہ ہے۔دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدرشہبازشریف نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں 6 روپے لیٹراضافے کی اطلاعات تشویشناک ہیں۔ بحران پیدا ہوا توذمہ دارحکومت ہوگی۔ اپنے ایک بیان میں (ن ) لیگ کے صدر نے کہا کہ 3 دن بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 6 روپے فی لیٹراضافے کی اطلاعات تشویشناک ہیں۔ ان اطلاعات سے ملک میں پٹرول کی ذخیرہ اندوزی کا خدشہ ہے۔شہبازشریف کا کہنا تھا کہ بحران پیدا ہوا تو ذمہ دار حکومت ہوگی۔ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کی آگ کو مزید تیز کردے گا۔ہر روز ایک نیا حادثہ بتاتا ہے کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں۔انہوں نے حکومت سے مارکیٹ میں آنے والی اطلاعات پراقدام کرنے اورذخیرہ اندوزی نہ ہونے دینے کا مطالبہ کیا۔شہبازشریف کا کہنا تھا کہ گندم، کبھی آٹا، کبھی چینی توکبھی کھاد اورپٹرول کے بحران قوم پرنازل ہورہے ہیں۔