لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک ، آن لائن)وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے اپنی وفات کے بعد اپنے اعضاء عطیہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک زندگی بچانا پوری انسانیت کو بچانے کے مترادف ہے۔پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا انہوں نے کہ میں مرنے کے بعد اپنے تمام طبی اعضاء عطیہ کرنے
کا اعلان کرتی ہوں، وہیں ایک بچے کے والدین نے وینٹیلیٹر پر موجود اپنے بیٹے کے بھی طبی اعضاء عطیہ کرنے کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ والدین نے اپنے بچے کا جگر اور گردہ عطیہ کرنے کا اعلان کیا جو ان کے لیے بہت مشکل لمحہ ہے کیونکہ ان کا بچہ وینٹی لیٹر پر آخری سانسیں گن رہا ہے۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ایسا پہلی بار ہو رہا ہے کہ بچے کے ماں باپ نے بستر مرگ پر موجود اپنے بچے کے اعضاء عطیہ کرنے کا کہا۔علاوہ ازیں وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدکی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اجلاس منعقدہوا۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹرفیصل سلطان نے وڈیولنک کانفرنس کے ذریعے اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔اجلاس میں سیکرٹری صحت ڈاکٹراحمدجاویدقاضی،،سپیشل سیکرٹری ڈاکٹرآصف طفیل،سی ای او پنجاب ہیلتھ انشی ایٹومینجمنٹ کمپنی ڈاکٹرعلی رزاق،پروفیسرجاویدچوہدری ودیگرافسران بھی شریک ہوئے۔صوبائی وزیر
صحت ڈاکٹریاسمین راشداور ڈاکٹرفیصل سلطان نے اجلاس کے دوران نیاپاکستان صحت کارڈ کی مختلف ڈویژنزمیں تقسیم اور ڈیٹاکولیکشن کے اقدامات کاجائزہ لیا۔سیکرٹری صحت ڈاکٹراحمدجاویدقاضی نے اجلاس کے دوران وزیر صحت اور معاون خصوصی کو نیاپاکستان صحت کارڈکی تقسیم کے حوالہ سے بریفنگ دی۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے
کہاکہ وزیراعظم عمرا ن خان نے پنجاب کی عوام کو نیاپاکستان قومی صحت کارڈکی شکل میں صحت کا تاریخی پیکج دیاہے۔31مارچ2022تک پنجاب کے تمام اضلاع میں نیاپاکستان قومی صحت کارڈ تقسیم کردیاجائے گا۔20جنوری سے راولپنڈی،9فروری سے فیصل آباد،22فروری سے ملتان،2مارچ سے بہاول پور،21مار چ سے گوجرانوالہ اور 31مارچ
سے سرگودھاکے تمام خاندانوں کو نیاپاکستان قومی صحت کارڈ تقسیم کردیاجائے گا۔صوبائی وزیرصحت نے مزیدکہاکہ نیاپاکستان قومی صحت کارڈ کیلئے مزیدہسپتالوں کوتیزی کے ساتھ منتخب کیاجارہاہے۔نیاپاکستان قومی صحت کارڈ کے حامل خاندانوں کی سہولت کی خاطرلاہورکے سرکاری ونجی ہسپتالوں میں 29000بستردستیاب ہیں۔لاہورڈویژن کے
منتخب سرکاری ونجی ہسپتالوں میں نیاپاکستان قومی صحت کارڈ کے حامل خاندانوں کے علاج کوباقاعدگی سے مانیٹرکیاجارہاہے۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹرفیصل سلطان نے کہاکہ لاہورکے علاوہ دیگر ڈویژنزمیں نیاپاکستان قومی صحت کارڈ کی تقسیم کیلئے ڈیٹاکولیکشن بارے نادراکے ساتھ کوارڈنیشن میں ہیں۔پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں نیاپاکستان قومی صحت کارڈ کے ذریعے طبی سہولیات حاصل کرنے والے تمام خاندانوں کا ڈیٹا محفوظ بنارہے ہیں۔