لاہور، راولپنڈی ( این این آئی)وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے مری کے ہوٹلوں میں اوورچارجنگ کی شکایات پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مقررہ کرائے سے زیادہ وصول کرنے والے ہوٹل مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کمشنر راولپنڈی ڈویژن اورمتعلقہ حکام اوورچارجنگ کرنے والوں کے
خلاف بلاامتیاز کارروائی کریں اور کھانے پینے کی اشیاء اور رہائش میں اوورچارجنگ کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحتی مقامات پر سیاحوں کو لوٹنے والوں کومعاف نہیں کیا جائے گا۔ اوورچارجنگ کاروبار نہیں، لوٹ مار کے مترادف ہے جو قطعاً برداشت نہیں۔انتظامیہ سیاحتی مقامات پر ریٹ لسٹ کے مطابق اشیائے صرف کی خرید و فروخت یقینی بنائے ۔ انتظامی افسران اوور چارجنگ کے سدباب کے لئے موثر اقدامات اٹھائیں۔ دوسری جانب راولپنڈی ٹریفک پولیس اور ضلع پولیس کی انتھک محنت سے مری کی تمام اہم شاہراہوں کو ٹریفک کیلئے کلیئر کر دیا گیا۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق سی پی او راولپنڈی ساجد کیانی اور سی ٹی او راولپنڈی تیمور خان مسلسل تمام آپریشن کی خود نگرانی کرتے رہے۔ٹریفک پولیس کے مطابق ٹریفک پولیس اور ضلع پولیس کے جوان گزشتہ 72گھنٹوں سے سیاحوں کی مدد اور روڈ کلیئر کروانے کیلئے متحرک رہے۔ٹریفک پولیس کے مطابق سی
ٹی او راولپنڈی تیمور خان گزشتہ 4روز سے مری میں موجود ہیں اور جوانوں کے ساتھ ملکر سیاحوں کی مدد کرتے رہے۔ٹریفک پولیس کے مطابق برف میں پھنسے سیاحوں کو گزشتہ روز ہی ریسکیوکر کے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا تھا۔ٹریفک پولیس کے مطابق برف میں پھنسی سیاحوں کی تمام گاڑیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے بعد ان کے حوالے
کیا جا رہا ہے۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ٹریفک پولیس اور ضلع پولیس کے ایک ہزار سے زائد جوانوں کی مدد سے ریسکیوا پریشن مکمل کیا گیا۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق جھیکا گلی سے لوئر ٹوپہ اورھیکا گلی سے لارنس کالج روڈ مکمل کلیئر ہے۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق جھیکا گلی سے بائی پاس ،جی پی او چوک وکشمیر پوائنٹ تک روڈ
سے برف ہٹا دی گئی ہے۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق جھیکا گلی سے کلڈنہ اور کلڈنہ سے باڑیاں روڈ تک روڈ سے برف ہٹا کر کلیئر کر دیا گیا ہے۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ضلع انتظامیہ کی طرف سے مری کے تمام داخلی راستے سیاحوں کیلئے آج رات 9بجے تک بند ہیں۔