اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور آرمی کے جوان ریسکیو آپریشن میں مسلسل مصروف ہیں، مین شاہراہوں سے کرنیوں اور بھاری مشینری سے برف ہٹائی جا رہی ہے،آخری سیاح کے بحفاظت نکلنے تک میں اور تمام انتظامیہ یہاں مری میں موجود رہیں گے۔ اتوار کو اپنے ایک بیان میں معاون خصوصی نے کہا کہ
وہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کیساتھ مری جھیگا گلی میں موجود ہیں اور ریسکیو آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آر پی او ، سی پی او، کمشنر ، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی اور ریسکیو حکام بھی موقع پر موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس کے جوان اور آرمی جوان ریسکیو آپریشن میں مسلسل مصروف ہیں، بجلی کے نظام کو بحال کرنے پر کام ہو رہا ہے، کچھ علاقوں میں بجلی کی سپلائی ابھی متاثر ہے۔ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ مین شاہراہوں سے کرینوں اور بھاری مشینری سے برف ہٹائی جا رہی ہے ، حالات کافی بہتر ہیں ، ٹریفک کی روانی جاری ہے۔ شہباز گل نے کہا کہ آخری سیاح کے بحفاظت نکلنے تک میں اور تمام انتظامیہ یہاں موجود رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں ہیں۔معاون خصوصی نے بہترین مہمان نوازی پر مقامی لوگوں، دوکانداروں اور کاروباری حضرات کا شکریہ ادا کیا۔ایک اور ٹوئٹ میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ مری کی تمام مین شاہراہوں کو ٹریفک کے لیے کلیئر کر دیا گیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ مری سے رات گئے 600 سے 700 گاڑیوں کو نکالا گیا، راولپنڈی پولیس، ضلعی انتظامیہ،پاک فوج کے جوان اور ہمارے مقامی لوگ رات بھر متحرک رہے۔راولپنڈی اسلام آباد سے مری آنے والے راستوں پر پولیس موجود ہے، راستے آج بھی بند رہیں گے۔