اسلام آباد( رپوٹ)راولپنڈی تھانہ صادق آباد کی حدودمیں منشیات فروشی عروج پر پہنچ گئی، کئی زندگیاں تباہ، پولیس خاموش تماشائی۔تفصیلات کے مطابق شمس آبادکے علاقے ڈھوک کالا خان میں منشیات فروشی عروج پر پہنچ گئی ہے،سرعام گلیوں، چوراہوں میں چرس اور آئس کی فروخت ہو رہی ہے
مقامی لوگوں نے متعدد بار متعلقہ تھانہ صادق آبادمیں شکایات کی ہیں لیکن کوئی خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہو سکی ہے۔ منشیات فروشی کی وجہ سے آئے دن گلیوں،محلوں میں لڑائی جھگڑتے ہوتے ہیں۔متعدد بار فائرنگ کے واقعات بھی ہو چکے ہیں،جو لوگ منشیات فروخت کرتے ہیں وہ خود بھی نشہ کر کے گلیوں، محلوں میں دندناتے پھرتے ہیں اورعام عوام کا جینا حرام کیا ہوا ہے،ڈھوک کالا خان کے علاقے میں بڑے پیمانے پر منشیات فروشی کی جاتی ہے۔ منشیا ت کی عام دستیابی کی وجہ سے چھوٹے چھوٹے بچے بھی نشے جیسی لعنت میں مبتلا ہو رہے ہیں۔اہل علاقہ نے ایس ایس پی راولپنڈی،ڈی آئی جی اورآئی جی پنجاب سے درخواست کی ہے کہ ان منشیات فروشوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے تاکہ آنے والی نسلوں کو نشے جیسی لعنت سے بچایا جا سکے۔