اسلام آباد (این این آئی)مری میں شدید برف باری کے باعث ہزاروں سیاح پھنس کر رہ گئے جس کے بعد اسلام آباد سے مری جانے والے راستے بند کردیے گئے۔ضلعی انتظامیہ راولپنڈی کے مطابق مری میں اب تک 27 ہزار سے زائد گاڑیاں داخل ہوچکی ہیں اور مزید گاڑیاں داخلے کی منتظر ہیں،
مری میں مزید سیاحوں کو داخل نہیں ہونے دیں گے، یہ فیصلہ مری میں سیاحوں کے رش اور ٹریفک جام کو مدِنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔راولپنڈی انتظامیہ کے مطابق مری میں شدید برفباری میں ہزاروں سیاح پھنس چکے ہیں، شدید برفباری سے نمٹنے کے لیے ایمرجنسی نافذ کرکے سیاحوں کو ریسکیو کرنے کا آپریشن شروع کردیا ہے، سیاحوں کی مدد کے لیے کنٹرول روم قائم کردیا ہے، سیاح کنٹرول روم نمبر 051-9269016 پر رابطہ کریں۔اپنے بیان میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ بڑھتے ہوئے رش کی بدولت سیاحوں کو مری اور گلیات کی طرف جانے سے عاضی طور پرروک دیا ہے۔وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاکہ مری اور گلیات کی طرف جانے والے سیاحوں کو سترہ میل انٹرچینج سے آگے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاکہ انتہائی ایمرجنسی کی صورت میں ہی شہریوں کو مری اور گلیات کی طرف سفر کرنے کی اجازت دی جائیگی۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاکہ فیصلے کا مقصد مری اور گلیات سے واپس اترنے والے سیاحوں کو سہولت فراہم کرنا ہے،فیملیز اور دیگر سیاحوں کو مری اور گلیات سے باحفاظت واپس اتارا جارہا ہے۔