اسلام آباد (این این آئی)ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق رواں موسم سرما کا طاقتور مغربی ہواؤں کا سلسلہ بلوچستان پر اثر انداز ہوگیا جس کے تحت جنوبی بلوچستان میں اچھی برسات ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ کراچی شہر میں گرج چمک کے ساتھ بارش
کا امکان ہے اور اس کے بعد 45 سے 54 کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار کی سرد ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق نئے سسٹم کے تحت شہر میں 5جنوری کی دوپہر تک وقفے وقفے معتدل اور کہیں تیز بارش کا امکان ہے جس کے بعد اس میں وقفہ آجائے گا۔انہوںنے کہاکہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ 6 جنوری کی دوپہر سے ایک بار پھر سرگرم ہوگا اور 6 جنوری کی دوپہر سے 7 جنوری کی صبح یا دوپہر تک بارش وقفے وقفے سے جاری رہ سکتی ہے۔محکمہ موسمیات نے امکان ظاہر کیا کہ اس عرصے کے دوران شہر میں 40 سے 50 ملی میٹر بارش ہوسکتی ہے۔ ادھر آزاد کشمیر میں وادی لیپہ سمیت بعض علاقوں میں برفباری کے باعث درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے چلا گیا، برفباری کے باعث بجلی کا نظام بھی متاثر ہوا اور متعدد گائوں بجلی سے محروم ہوگئے، سوات ، کالام ، مالم جبہ ، مہوڈنڈ ، گبین جبہ سمیت خیبرپختون خواہ کے مختلف علاقوں میں بھی شدید برفباری کا سلسلہ جاری رہا۔دوسری جانب اسکردو سمیت
گلگت بلتستان کے متعدد اضلاع میں بھی برفباری کا سلسلہ جاری رہا، برفباری کے باعث بالائی علاقوں کا اسکردو سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ، نظام زندگی بھی مفلوج ہوگیا ہے ، لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔ادھرلاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں گزشتہ رات اور صبح ہونے والی بارش سے فضائی آلودگی اور اسموگ میں کمی آگئی۔