راولپنڈی (این این آئی)ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہاہے کہ شمالی وزیرستان میں مکمل ریاستی رٹ بحال کی۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2021ء میں شمالی وزیرستان میں اہم آپریشن کیا گیا،
جس سے وہاں مکمل ریاستی رٹ بحال ہوئی، اگست 2021ء میں افغانستان سے غیر ملکی افواج کا اچانک انخلاء ہوا، افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلاء کے اثرات پاکستان کی سیکیورٹی پر پڑے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کی موجودہ صورتِ حال سنگین انسانی المیے کو جنم دے سکتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ آرمی چیف نے مختلف وفود سے ملاقاتوں میں اس امر کی نشاندہی کی ہے، آپریشن رد الفساد، دیگر آپریشنز کے مقابلے میں مختلف تھا، جس کے دوران 60 ہزار سے زائد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیے گئے، پاک افغان سرحد پر پاکستان کی 1200 سے زائد پوسٹیں ہیں۔ترجمان پاک فوج نے کہاکہ 2021ء میں افغانستان اور ایران کے ساتھ بارڈرز پر واچ ٹاور بنائے گئے، ایف سی بلوچستان اور ایف سی کے پی کے لیے نئے ونگ قائم کیے گئے، بلوچستان اور کے پی میں پولیو ٹیموں کو نشانہ بنایا جاتا تھا، اب انسدادِ پولیو مہم کامیابی سے جاری ہے۔