لاہور( این این آئی)پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الٰہی نے کہا ہے کہ 5 جنوری کشمیری قوم کے حق خود ارادیت کا دن ہے، افسوس کشمیر کے مظلوم عوام آج تک اس بنیادی حق سے محروم ہیں، اقوام متحدہ سکیورٹی کونسل بھی آج سے 73 سال پہلے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت میں متفقہ قرارداد منظور کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر دنیا کی سب سے بڑی جیل بن چکی ہے مگر عالمی ضمیر اب بھی خاموش ہے، بھارتی قابض فوج کشمیریوں کے حق خودارادیت کو دبا نہیں سکتی، انشاء اللہ جلد کشمیری آزادی کی نعمت حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ ایک دن کشمیری شہداء کا خون ضرور رنگ لائے گا اور ظلم کے بادل چھٹ جائیں گے۔