اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہاہے کہ ہر پارٹی چاہتی ہے کہ اس پر کسی کا ہاتھ ہو،معیشت شدید بحران میں ہے جس کو نکالنے کیلئے عمران خان کوشش کر رہا ہے ،کووڈ کو پھیلتا ہوں دیکھ رہا ہوں،15 جنوری سے 15 مارچ تک اللہ کرے کورونا کی لہر نہ آئے،اپوزیشن عقل سے کام لے ،،یقین ہے ملک میں جمہوری نظام بہتری کی جانب جائے گا،
اپوزیشن نے کوئی غلطی کی تو جمہوری نظام میں خرابی پیدا ہوسکتی ہے،پاکستان میں سیاست میڈیا کی وجہ سے زندہ ہے،اگر زندہ رہا تو چوتھی کتاب لکھوں گا۔وہ بدھ کو اپنی تصنیف ’’لال حویلی سے اقوام متحدہ تک سیاست کے پچاس سال‘‘کی تقریب رونمائی سے خطاب کررہے تھے ۔ شیخ رشید احمدنے کہاکہ میں نے کتاب ان لوگوں کیلئے لکھی جن کے خاندان کا نام نہ ہو،جو کسی قسم کے سیاست وراثت میں لیکر نہ پیدا ہوئے ہوں۔ انہوںنے کہاکہ اللہ نے مجھے 15 ویں وزارت دی،میں سٹوڈنٹس تھا جب مجھے چین کمیونسٹ پارٹی کی جانب سے دعوت دی گئی ۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ میں اپنی جوان زندگی کے 7 سال جیل میں گزار چکا ہوں۔ انہوںنے کہاکہ جب میں نے سیاست کا آغاز کیا میں کچھ بھی نہیں تھا،میں پورے پاکستان کے میڈیا کا ہمیشہ شکرگزار ہوں۔ انہوںنے کہاکہ 5 جنوری کشمیریوں کا دن ہے اس لیے آج کا دن کتاب کے لیے انتخاب کیا،میں ان لوگوں میں سے ہوں جو کشمیر کی جدوجہد آزادی کو پاکستان کے نقشے کے لیے لازمی سمجھتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ ہر پارٹی یہ چاہتی ہے کہ اس پر کسی کا ہاتھ ہو۔ انہوں نے کہاکہ یہ الگ بات ہے کہ بعض اوقات ہاتھ ہی یہ فیصلہ کر دیتے ہیں کہ جو منتخب ہو کر آئیگا ہم اس کے ساتھ ہونگے۔ انہوںنے کہاکہ امریکہ میں کووڈ کے 4 لاکھ کیسز تھے،معیشت شدید بحران میں ہے جس کو نکالنے کے لیے عمران خان کوشش کر رہا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان میں سیاست اس میڈیا کی وجہ سے زندہ ہے،اگر زندہ رہا تو چوتھی کتاب لکھوں گا۔ انہوں نے کہاکہ میں کووڈ کو پھیلتا ہوں دیکھ رہا ہوں،اپوزیشن کو کہتا ہوں کہ عقل سے کام لیں۔انہوںنے کہاکہ یہ ملک انتخاب کی جانب جا رہا ہے،ساڑھے تین سال ہم حکومت کر چکے ہیں،چار سال کے بعد تو الیکشن کا سال ہوتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ 15 جنوری سے 15 مارچ تک اللہ کرے کورونا کی لہر نہ آئے ،یقین ہے کہ اس ملک میں جمہوری نظام بہتری کی جانب جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن نے کوئی غلطی کی تو جمہوری نظام میں خرابی پیدا ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری لوٹی ہوئی دولت کو باہر لیجاکر انوسٹ کیا گیا ،میری خواہش ہوگی میری چوتھی کتاب میرے مرنے کے 5 سال بعد شائع کی جائے کیونکہ چوتھی کتاب میں ایک سچ لکھ کر جانا چاہتا ہوں،ہم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔