راولپنڈی (مانیٹرنگ، این این آئی)مری میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ دو دنوں میں مری میں تقریباً 83 ہزار سے زائد گاڑیاں داخل ہوئی ہیں، مری ٹریفک پولیس نے ہدایات جاری کی ہیں کہ ٹائروں پر چین چڑھا کر برف پر گاڑی چلائیں اور فیول پورا رکھیں۔ دوسری جانب منیجر ٹی ڈی سی پی پتریاٹہ چیئر لفٹ اعجاز بٹ نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب کے احکامات کی مکمل پاسداری کی جائے۔
حکومت سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے دن رات کوشاں ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت سیاحت کے فروغ کیلئے کام کررہی ہے۔سیاحتی سرگرمیوں کو پروموٹ کیا جارہاہے۔ ملکہ کوہسار مری اور پتریاٹہ میں شدید سردی کے باوجود سیاحوں نے ڈیرے ڈال دیئے ہیں۔روزانہ کی بنیاد پر بڑی تعداد میں سیاحوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ مری میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گرنے کے باعث سردی میں شدید اضافہ ہوگیا ہے۔ دن بھر دھوپ اور بادلوں میں آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ یخ بستہ برفانی ہوائیں بھی چل رہی ہیں۔ حالیہ برفباری کے بعد ملک بھر سے کثیر تعداد میں سیاح فیملیاں اور منچلے نوجوان اس جنت بینظیر وادی کے دلکش نظاروں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔سیاح ملکہ کوہسار کے برف سے ڈھکے ہوئے بلند و بالا کوہساروں، حسین نظاروں اور سرد موسم میں اپنے حسین لمحات کو کیمروں میں محفوظ کررہے ہیں۔محکمہ موسمیات نے ایک اچھی خوش خبری دی ہے کہ آئندہ دو دنوں میں مری، گلیات اور گردو نواح میں معمول سے زیادہ برفباری ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ نیو مری اور پتریاٹہ ٹاپ پر جنگل کے بیچ قدرتی ماحول میں رہائش کو ممکن بنایاگیا ہے۔ کلپنگ پورٹس کا قیام سیاحوں کو نئے تجربات سے روشناس کروانے کیلئے خاص صلاحیت کا حامل ہے اور نیو مری میں 3 پتریاٹہ ٹاپ پر آٹھ پورٹس سیاحوں کیلئے مناسب قیمت پر دستیاب ہیں۔ چار بیڈز پر مشتمل ایک پورٹ کی
ایک روزہ قیمت چھ ہزار جبکہ دو بیڈز پر مشتمل پورٹ کی قیمت چار ہزار ہے۔ سیاحوں کو مکمل تحفظ کیلئے ساتھ اعلی معیار کی سہولیات کی یقین دہانی کرائی جاتی ہے۔ محکمہ سیاحت کی جانب سے فراہم کردہ اس نئے تجربے سے لطف اندوز ہو کر اپنی یادوں کی کتاب میں نئے ورق کا اضافہ کریں۔ انہوں نے کہاکہ مری آنے والے سیاحوں سے درخواست ہے کہ مری آنے سے پہلے گاڑی کی چیکنگ کریں، گاڑی کا فیول ٹینک فل رکھیں۔