قاہرہ (این این آئی)مصر میں سیکورٹی فورسز نے ایک شخص کو اس وقت حراست میں لے لیا جب وہ اپنی دو سالہ بچی کو 50 ہزار مصری پائونڈ (3200امریکی ڈالر )میں ایک شخص کو فروخت کر رہا تھا۔میڈیارپورٹس کے مطابق الدقہلیہ میں انسداد جرائم کی انتظامیہ کے افسران المنصورہ شہر میں پیش آنے والے اس افسوس ناک واقعے کے دوران بچی کے 35سالہ باپ کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہو گئے۔تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ مذکورہ
باپ نے فیس بک پر اپنی بچی کو فروخت کے واسطے پیش کیا۔ اس پر ایک شخص نے باپ سے رابطہ کیا اور پھر شہر کی شارع الجیش پر اس خرید و فروخت کی کارروائی عمل میں لانا طے پایا۔بچی کا باپ بلجائی گائوں میں مقیم ہے۔ اس نے بچی کو فروخت کرنے کا جواز پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اسے بچی کے نسب میں شک ہے جس کو اس کی متوفی بیوی نے جنم دیا تھا۔مصری استغاثہ نے واقعے کا اندراج کر کے ضابطے کی کارروائی شروع کر دی ۔