لندن (این این آئی)برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوم کے ایک محافظ نے ٹاور آف لندن کے محل اور قلعے کے نزدیک راستے میں کھڑے ایک بچے کو زمین پر گرا دیا اور پھر اسے پائوں کے ذریعے راستے سے ہٹایا۔ میڈیارپورٹس کے مطابق پیش آنے والے واقعے کی وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بچہ زمین پر گر کر الٹ گیا تاہم بالوں والے فر کی ٹوپی پہنے ہوئے محافظ کو دیکھ کر ایسا محسوس ہوتا ہے
کہ گویا کچھ ہوا ہی نہیں۔دوسری جانب ڈیوٹی پر موجود محافظین کے ایک اہل کار نے علاقے میں موجود لوگوں کو خبردار کیا تھا کہ وہ گشتی دستہ نزدیک آ رہا ہے۔ تاہم وہ بچہ انگریزی زبان میں کہی گئی بات شاید سمجھ نہ سکا اور اچانک دوڑ کر دونوں محافظین کے سامنے آ گیا۔بعد ازاں بچے کی ماں نے جلد ہی اس واقعے کی وڈیوپوسٹ کر دی۔ برطانوی وزارت دفاع کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ ہمیں ٹاور آف لندن کے نزدیک معمول کے گشت کے دوران میں پیش آنے والے واقعے کا علم ہے ،محافظ نے بچے کا معائنہ کیا تھا اور اس بات کا اطمینان کیا کہ ہر چیز ٹھیک ہے۔سوشل میڈیا پر بہت سے لوگوں نے اس وڈیو کے حوالے سے جذبات کا اظہارکیا ۔ بچے کی والدہ کے مطابق وہ ایک سیاح ہے اور کرسمس اور نئے سال کی تعطیلات اپنے بیٹے کے ساتھ لندن کا دورہ کر رہی ہے۔ بعض لوگوں کا موقف ہے کہ محافظ نے بچے کو پائوں سے دھکیلا نہیں بلکہ اپنا پایوں اونچا کیا تھا تا کہ بچے کو کوئی تکلیف نہ پہنچے۔ اس کے جواب میں بعض دیگر افراد کا موقف ہے کہ محافظ کو بچے کی مدد کے لیے ٹھہر جانا چاہیے تھا۔