کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک /این این آئی)رواں سال ملک میں ڈالر پاکستانی روپےپر بھاری رہا ، سال 2021 کے آخری روز کاروبار کے اختتام پر انٹربینک میں ڈالر کا بھاؤ 176.51 روپے ہے۔ انٹربینک میں سال کے آخری کاروباری روز ڈالر کا بھاؤایک روپے گرا ہے۔
دوسری جانب سال 2021 میں مہنگائی کی شرح اور ڈالر کی قیمت میں اضافہ دیکھا گیا۔رپورٹ کے مطابق ایک سال میں افراط زر کی شرح 5.7 فیصد سے بڑھ کر نومبر تک 11.5 فیصد تک پہنچ گئی مزید برآں ڈالر کی قیمت بھی 20 روپے اضافے سے 178 روپے تک پہنچ گئی۔اسی طرح 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 180 روپے اضافے سے 1500 روپے، گھی 139 روپے اضافے سے 399 روپے اور چینی کی قیمت 10 روپے اضافے سے 100 روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔سال 2021 میں پیٹرول کی قیمت 37 روپے اضافے سے 144.46 روپے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 29 روپے اضافے سے 141 روپے فی لیٹر ہوگیا جبکہ ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت ایک ہزار 34 روپے تک بڑھ گئی جس کے بعد ایک سلنڈر 2 ہزار 684 روپے کا ہوگیا۔