واشنگٹن(این این آئی)امریکا میں ایک خاتون نے دوران پرواز ماسک نہ پہننے پر80سالہ مسافر کو تھپڑ ماردیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر ٹیمپا سے اٹلانٹا جانے والی نجی ائیر لائن کی پرواز میں خاتون مسافر نے 80 سالہ بزرگ کو کھانا کھانے
کے دوران ماسک نہ پہننے پر ان سے بد تمیزی کرتے ہوئے تھپڑ رسید کردیا۔ٹوئٹر پر اس پرواز میں پیش آئے واقعے کی ویڈیو شیئر کی گئی جس کے بعد امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے خاتون کو گرفتار کرلیا۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون کھڑے ہوکر بزرگ مسافر پر چِلارہی ہیں کہ اپنا ماسک پہنو جبکہ پرواز میں موجود عملہ خاتون سے بیٹھنے کی درخواست کررہا ہے، تاہم ویڈیو میں خاتون بھی چہرے پر ماسک لگائے نہیں دیکھی گئیں۔رپورٹس کے مطابق پرواز میں موجود دیگر مسافروں کاکہنا ہے کہ خاتون نے بزرگ مسافر پر تھوکا بھی تھا۔دوسری جانب واقعے کی ویڈیو منظرِ عام پر آنے کے بعد ٹوئٹر صارفین کے درمیان بھی بحث شروع ہوگئی کہ جہاز میں کھانا کھانے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے جبکہ کچھ کا کہنا تھا کہ کسی بزرگ کو تکلیف پہنچانا غلط بات ہے ۔اس کے علاوہ کچھ صارفین کا موقف تھا کہ خاتون نے بھی بزرگ مسافر سے بحث کے دوران ماسک نہیں پہننا ہوا تھا۔