پشاور(این این آئی) وزیرِ اعلی خیبرپختونخوا محمود خان کے احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے بھتہ ٹیلیفون کالز کی روک تھام اور نیٹ ورک کے خاتمے کیلئے اقدامات کے حوالے سے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سی سی پی او پشاور عباس احسن ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن ریٹائرڈ خالد محمود،
ایس پی سی ٹی ڈی رضامحمد ایس ایس پی اسپیشل برانچ آصف گوہر اور دیگر سیکورٹی ایجنسیز اور سیکورٹی اداروں کے مقامی سربراہان اور متاثرہ صنعتکاروں اور تاجروں نے شرکت کی ۔اجلاس میں حال ہی میں تاجروں اور صنعت کاروں کو بھتہ کیلئے دھمکی آمیز ٹیلی فون کالز اور تاجروں اورصنعتکاروں میں پائی جانے والی تشویش پر تفصیلی گفتگو کی گئی اجلاس میں فیصلے کئے گئے کہ بھتہ خوری کی روک تھام اور بھتہ خور نیٹ ورک کے خاتمے کیلئے لا انفورسمنٹ ایجنسیز، پولیس، انتظامیہ، صنعت کاروں اور تاجروں پر مشتمل کمیٹی قائم کی جائے گی جو بھتہ کالز موصول ہونے والے تاجروں اور صنعت کاروں کے تحفظ اور نیٹ ورک کی معلومات اور دیگر اقدامات کریگی اس کے ساتھ ساتھ بھتہ کالوں سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقے علاقے حیات آباد انڈسٹریل اسٹیٹ میں ابابیل فورس تعینات کرنے اور پولیس چوکی میں پولیس دگنی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔اس کے علاوہ افعانستان سے بھتہ کالز کے نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کے لیے بارڈر سطح پر افغان حکومت سے رابطے کا بھی فیصلہ کیا گیا اور بھتہ کالز کے لئے استعمال ہونے والے غیر قانونی سافٹ ویئر”گیٹ وئے”کے خاتمے کے لیے ایف آئی اے سے رابطے کا فیصلہ کیا گیا بھتہ کالز نیٹ ورک کے خاتمے صنعتکاروں اور تاجروں کے تحفظ کے لئے اگلے ہفتے دوبارہ مشترکہ اجلاس کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی
سربراہی میں طلب گیا جس میں بھتہ خور نیٹ ورک کے خاتمے کیلئے کئے گئے اقدامات اور آئندہ کی حکمت عملی تیار کی جائے گی ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے کہا کہ صنعتکاروں اور تاجروں کے تحفظ کے لئے وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کی جانب سے ہدایات کے مطابق بھتہ کالز کی روک تھام اور نیٹ ورک کے خاتمے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور اسی سلسلے میں وہ ذاتی طور پر کور کمانڈر پشاور سے بھی رابطہ کریں گے ۔