اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی )مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ اگر حکومت ملاقاتیں کررہی ہے تو ہم بھی کسی نہ کسی سے مل رہے ہیں۔نجی ٹی وی جیونیوز کے پروگرام میں رانا ثنااللہ نے کہا کہ سیاسی طورپر منی بجٹ کی بھر پور مخالفت کریں گے، اگر حکومت ملاقاتیں کررہی ہے تو ہم بھی کسی نہ کسی سے مل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپنے نمبر پورے
اور حکومت کے نمبر کم کرنے کی کوشش کریں گے پاکستان مسلم لیگ (ن ) کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ مشترکہ اجلاس میں اتحادیوں اور حکومتی ارکان کو کالز نہ آتیں تو حکومت کو شکست ہوجاتی، منی بجٹ کو روکنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔پارلیمنٹ ہائوس میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مشترکہ اجلاس کے دوران ایک حکومتی رکن کو کہا گیا عزت سے اجلاس میں آنا چاہتے ہوتو جہاز بھیج دیتے ہیں ورنہ اجلاس میں لانے کیلئے بندے بھیج دیتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حالیہ پنجاب اور کے پی کے میں ہوئے دو انتخابات سے تو لگتا ہے کہ کالز نہیں آئیں لیکن منی بجٹ کو روکنے کی پوری کوشش کریں گے مگر ڈنڈے سے تو نہیں روک سکتے، ہم سیاسی جماعتیں ٹی ایل پی کا طرز عمل تو اختیار نہیں کرسکتے۔انہوںنے کہاکہ ہمارے پاس ارکان کی تعداد جتنی ہے اسے پوری کریں گے۔انہوںنے کہاکہ مشترکہ اجلاس میں بھی مسلم لیگ ن کے ارکان پورے تھے،اپوزیشن کے انتہائی مجبور یا بیمار کے علاوہ ارکان پورے تھے،منی بجٹ پر ایوان میں موجود ارکان کی سادہ اکثریت چاہیے ہوگی،منی بجٹ ان حکمرانوں کا منہ مزید کالا کردے گا۔