گوجرانوالہ (این این آئی)گوجرانوالہ میں مبینہ طور پر تین ملزمان نے گداگر خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا ۔پولیس کے مطابق واقعہ 17 دسمبر کو پیش آیا جس کی اطلاع متاثرہ خاتون نے گزشتہ روز دی۔پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کے شوہر کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ، ایک ملزم فرار ہے۔پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کا میڈیکل کرا لیا ہے جس کی رپورٹ اب تک موصول نہیں ہوئی ہے۔متاثرہ خاتون نے پولیس کو
دئیے گئے بیان میں بتایا کہ زیادتی کا نشانہ بنانے والوں میں سے ایک ملزم گول گپے فروخت کرتا ہے، ملزم نے زکوٰۃ دینے کے بہانے بلایا اور دیگر ساتھیوں کیساتھ زیادتی کی، ملزمان کے ڈر سے خاموش رہی، ان کے ورثا صلح کیلئے مجبور کرتے رہے۔دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی کا نوٹس لیتے ہوئے فرار ملزم کی بھی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے جبکہ عثمان بزدار نے آر پی او سے واقعے کی رپورٹ طلب کی ہے۔