راولپنڈی ( آن لائن ) وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ہر پارٹی چاہتی ہے کہ اسٹیبلشمنٹ ان کے سر پر ہاتھ رکھے لیکن اسٹیبلشمنٹ کا فیصلہ ہے کہ وہ ہر منتخب حکومت کے ساتھ ہو گی ،عمران خان کی قیادت میں اگلا الیکشن لڑیں گے ،منی بجٹ پاس ہو گا کوئی قیامت نہیں آئے گی، نواز شریف آئے یا نہ آئے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ، شیخ ہونے کے باوجود نواز شریف کو ٹکٹ دیتا ہوں
وہ وطن واپسی کی تاریخ بتائیں ۔ 50 سال ہو گئے سیاست کرتے کسی قبضہ مافیا کو مضبوط نہیں ہو نے دیا۔عمران خان کا ایجنڈا مہنگائی کا خاتمہ ہے اور وہ پانچویں سال مہنگائی ختم کریں گے۔ راولپنڈی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ نوازشریف آتے ہیں تو آئیں، نہیں آتے تو نہ آئیں، طوفان کھڑا کیا جارہا ہے کہ وہ آرہا ہے وہ جارہا ہے، ہمیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔انہوں نے کہا کہ شیخ ہونے کے باوجود اپنی جیب سے ٹکٹ دوں گا، نوازشریف بتائیں کس روز آنا چاہتے ہیں ،میں ویزا اور پاسپورٹ دوں گا۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہر پارٹی چاہتی ہے اسٹیبلشمنٹ ان کے سر پر ہاتھ رکھے لیکن اسٹیبلشمنٹ کا فیصلہ ہے کہ وہ منتخب حکومت کے ساتھ ہوگی، حکومتیں آتی ہیں اور چلی جاتی ہیں مگر اسٹیبلشمنٹ کی اچھی بات ہے وہ منتخب حکومت کے ساتھ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کچھ نہیں ہونے والا،عمران خان ڈنکے کی چوٹ پر پانچ سال پورے کریں گے اور ہم اگلا الیکشن عمران کے ساتھ زوردار طریقے سے لڑیں گے، یہ حکومت بھی پانچ سال پورے کرے گی چاہے اپوزیشن کوئی بھی مارچ کرلے، جو اپوزیشن کے پیٹ میں درد ہے وہ ٹی وی پر نہیں بتا سکتا۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ الیکشن ہار جیت کا نام ہے اورمجھے نہیں پتا پختونخوا کے بلدیاتی الیکشن میں کیا ہوا ہے۔عمران خان کا ایجنڈا مہنگائی کا خاتمہ ہے، امید ہے عمران خان پانچویں سال مہنگائی ختم کریں ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ منی بجٹ سے کوئی قیامت نہیں آئے گی وہ پاس ہوگا، اتحادی جماعتوں کے بھی ناراض ہونے کا یہی وقت ہو تا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں سے درخواست ہے کہ وہ مارچ ضرور کریں لیکن 23 مارچ کی تاریخ کو 30 مارچ کر دیں، اپنے فیصلے پرنظر ثانی کرے اگر وہ قانون کو ہاتھ میں نہیں لیں گے تو ہم انہیں کچھ نہیں کہیں گے ، 23 مارچ کو بڑے بڑے مہمان آرہے ہیں، پہلی دفعہ رافیل کے توڑ میں جے ایس 10 فلائنگ پریڈ کرے گا، افواج عظیم ہیں ، اور اپنے دفاع سے غافل نہیں ہیں۔ ہم چاہتے ہیں ڈالر کی قیمت پر کنٹرول کیا جائے، آئی ایم ایف کے فنڈ سے مدد ملتی ہے۔ غریب آدمی کیلئے صحت بڑا مسئلہ ہے صحت کارڈ کا اجراء وزیراعظم عمران خان کا بہت بڑ اقدام ہے ۔ نالہ لئی کی تعمیر کے دوران کسی کو تنگ نہیں کیا جائے گا50 سال ہو گئے سیاست کرتے کسی قبضہ مافیا کو مضبوط نہیں ہو نے دیا۔