راولپنڈی (آ ن لائن )آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں انسانی بحران ٹالنے کیلئے پرخلوص عالمی کوششیں ضروری ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ترکش لینڈ فورسز کے چیف آف جنرل اسٹاف نے ملاقات کی جس میں دفاعی تعاون، خطے کی سیکورٹی صورتحال سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان
ترکی سے برادرانہ تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے ، افغانستان میں انسانی بحران ٹالنے کیلئے پرخلوص عالمی کوششیں ضروری ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان میں مفاہمتی و امن کے اقدامات کی اہمیت اجاگر کی۔پاک فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ چیف آف جنرل اسٹاف ترکی نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ کارکردگی اور افغان صورتحال پرپاکستان کے کرداراور بارڈرمینجمنٹ کو بھی سراہا۔