صوابی(آن لائن )اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار ایسے انتخابات ہوے جس سے اپوزیشن جماعتیں مطمئن ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے نچلی سطح تک اختیارات کی منتقلی کا وعدہ پورا کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سلیم خان صوابی میں
بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوے کیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پوری دنیا میں کرونا وباء کی وجہ سے مہنگائی کی ایک لہر آئی ہے جس پر جلد قابو پا لیا جائے گا۔انکا کہنا تھا کہ سخت معاشی صورت حال کے باوجود پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے نچلی سطح تک اقتدار کی منتقلی کا اپنا وعدہ پورا کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ موجود حکومت ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام سے کیے گئے وعدوں کو ہر صورت میں پورا کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ صوابی میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے اور جاری ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔ اسپیکر کا مزید کہنا تھا کہ صوابی میں تاریخی ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے جس سے عوام کا معیار زندگی بلند ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ صوابی میں صحت کی سہولیات کی فراہمی اور تعلیم کی مد میں اصلاحات کا سلسلہ جاری ہے۔