لاہور (آن لائن )قومی ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کے کھلاڑیوں کی تنخواہوں سے متعلق دیے گئے بیانات پر برس پڑے۔اپنے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے سلمان بٹ نے رمیز راجہ کے دوران پریس کانفرنس ڈومیسٹک کرکٹرز سے متعلق دیے گئے
بیان کو سفید جھوٹ اور میڈیا کی توجہ حاصل کرنے کی انوکھی چال قرار دیا۔سلمان بٹ نے کہا کہ جب کبھی کسی شخص کو کسی ادارے کا سربراہ بنایا جاتا ہے تو آیا کیا وہ ادارہ اس شخص کے جنون کی تکمیل شروع کردیتا ہے؟کوئی آپ کے جنون کی پیروی کیوں کرے؟ پالیسی کہاں ہے؟ سابق کپتان نے اپنے بیان میں رمیز راجہ کے کھلاڑیوں کی ماہانہ آمدنی سے متعلق دیے گئے بیان کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔انہوں نے کہا کہ ایسے مضحکہ خیز بیانات صرف میڈیا کی توجہ حاصل کرنے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں جو کہ کسی طور پر حقیقت پر مبنی نہیں ہوتے۔سلمان بٹ نے کہا کہ ڈومیسٹک کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں اضافے کی بنیادی وجہ انہیں مستقل کیرئیر فراہم کرنا تھا، اب ہر کھلاڑی 50 سے 60 لاکھ ماہانہ کمارہا ہے ایسا کہیں نہیں سنا تھا، اے کیٹیگری کے کھلاڑیوں کی مثال لیں، ان کے ایک سالہ معاہدے کے تحت کھلاڑی کی ماہانہ تنخواہ ڈھائی لاکھ ہے جو سالانہ 30 لاکھ روپے بنتے ہیں۔خیال رہے کہ حال ہی میں رمیز راجہ نے پریس کانفرنس کی تھی جس دوران انہوں نے ڈومیسٹک کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں اضافے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہر کھلاڑی 50 سے 60 لاکھ روپے ماہانہ کماتا ہے۔