اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی) وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہبازگل کانا م لیے بغیر جنید صفدر کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’ بندہ ہینڈ سم ہو تو ووٹ ملتا ہے‘‘ ۔ اسی لیے بہت پیسہ لگایا گیا ہے ۔ انکا کہنا تھا کہ سب سے ہینڈ سم بچہ ڈھونڈا گیا ۔ لاہور میں 15دن تک میڈیا کو
یرغمال بنائے رکھا گیااور ہندوستانی گانے گائے گئے ۔ نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق شہباز گل نے کہا کہ سیاست میں آنے کیلئے صرف شخصی جاذبیت ہی نہیں بلکہ دماغ کی بھی ضرورت ہوتی ہے،کسی زیرو کو ہاتھ پکڑ کر لیڈر نہیں بناسکتے، بھلے آپ اس کو ہاتھ پکڑ کر عدالت لائیں یا پندرہ دن شادیوں میں لانچ کریں۔ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے ہوتے ہوئے فرار ممکن نہیں ہے۔اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ دھیلے اور دمڑی کی کرپشن نہ کرنے کے دعوے داروں کے پاس ثبوت نہیں ہیں۔شہبازگل نے کہا کہ درباری احتساب کو متنازعہ بنانے کے بجائے آقاؤں کی بے گناہی ثابت کرنے کا سوچیں۔وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ نا اہل شریفوں نے کرپشن اور منی لانڈرنگ کا جواب دینے کے بجائے راہ فرار اختیار کی۔شہبازگل نے کہا کہ مقدمات کو طول دینے کے لیے بیماری، پروپیگنڈہ اور الزامات کا سہارا لیا گیا۔