لاہور( این این آئی)گریٹر پارک میں لیڈی اہلکار کو ہراساں کرنے کا واقعہ پیش آیا ہے ،پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ بتایا گیا ہے کہ سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات آسیہ نامی لیڈی پولیس اہلکار کو دو لڑکوں نے ہراساں کیا، تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔پولیس حکام کے مطابق لیڈی اہلکار آسیہ نے پولیس کو اطلاع دی کہ دو لڑکے اسے ہراساں کررہے ہیں
جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گریٹر اقبال پارک کے گیٹ نمبر 5 سے حراست میں لے لیا۔ ملزمان کی شناخت نعیم اور طیب کے نام سے ہوئی ہے، دونوں راوی روڑ کے رہائشی ہیں۔پولیس حکام نے بتایا کہ پولیس اہلکار آسیہ کی مدعیت میں دونوں ملزمان کے خلاف تھانہ لاری اڈا میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، خاتون اہلکار نے بیان دیا ہے کہ اسے نعیم اور طیب نے تنگ کیا اور آوازیں کسیں۔