اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/آن لائن )اسلام آباد سے سعودی عرب کیلئے روانہ ہونے والے طیارے کی سائیڈ اسکرین میں دوران پرواز دراڑ پڑ گئی ، پائلٹ کا ہنگامی اقدام ۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد سے سعودی عرب کیلئے اڑان بھرنے والی مسافر طیارے کے سائیڈ اسکرین پر دوران پروازدراڑ پڑ گئی ، کپتان نے کراچی ائیر پورٹ کے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کیا اور جہاز کی
ٹیکنکل فالٹ سے آگاہ کیا جس کے بعد جہاز کو کراچی ائیر پورٹ پر لینڈنگ کی اجازت دی گئی ۔ جہاز پائلٹ سے جہاز کو کراچی ائیر پورٹ ہنگامی بنیاد پر کامیابی کیساتھ لینڈ نگ کروائی ۔ دوسری جانب علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر شدید دھند پڑنے کے باعث لاہور ایئر پورٹ پر حد نگاہ انتہائی کم ہونے کی وجہ سے طیاروں کی اڑان کا شیڈول بری طرح متاثر رہا جس کے نتیجہ میں جمعرات کے روز لاہور آنے اور جانے والیں ملکی اور غیر ملکی 40پروازیں متاثر ہوئیں ان پروازوں میں سے 18پروازیں منسوخ اور 22پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں یہ بھی بتایا گیا ہے پروازوں کے متاثر ہونے سے فضائی مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تاہم جمعہ کی دوپہر لاہور ایئر پورٹ کے مرکزی رن وے پر حد نگاہ بہتر ہونے پر پروازوں کو اڑان کی اجازت دے دی گئی ۔واضح رہے کہ علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئر پورٹ شدید دھند کی وجہ سے جمعرات کی رات 8بجکر 40منٹ پر تمام پروازوں کی لینڈنگ اورٹیک آف کے لئے بند کر دیا گیا تھا جو 14گھنٹوں تک بند رہا مزید براں ملک بھر اور بالخصوص پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کی وجہ سے کراچی ، کوئٹہ اور لاہور کے درمیان چلنے والی مختلف مسافر ٹرینیں بھی اپنے مقررہ شیڈول سے دو سے چار گھنٹوں کی تاخیر کا شکار رہیں ٹرین مسافروں کو بھی شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ۔