اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ، آئی این پی) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر احسن بھون نے کہا ہے کہ کسی بھی شخص کو تاحیات نااہل قرار نہیں دیا جاسکتا، اس حوالے سے سپریم کورٹ بار کے تمام عہدیداروں سے مشاورت مکمل کرلی گئی ہے اور آئندہ ہفتے تاحیات
نااہلی کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائرکی جائے گی۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر احسن بھون نے لندن سے واپسی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب ترمیمی آرڈیننس 2021 کے خلاف سپریم کورٹ بار نے پٹیشن تیار کرلی ہے جو جلد سپریم کورٹ میں دائر کی جائے گی۔ جہانگیر ترین اور نواز شریف جیسے فیصلے ایک فرد کو ٹارگٹ کرنے کے مترادف ہیں، ان جیسے فیصلوں پر نظر ثانی ہونی چاہیے۔علاوہ ازیں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے ملک میں بڑھتی مہنگائی کے خلاف سپریم کورٹ میں رٹ دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا‘ ملک کی اہم بار کونسلوں سے مشاورت مکمل۔ بدھ کے روز سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر احسن بھون نے کہا کہ ملک میں مہنگائی نے تمام حدیں توڑ دی ہیں لوگ دو وقت کے کھانے سے بھی محروم ہوگئے ہیں۔ مہنگائی نے ان کا جینا دوبھر کردیا ہے سپریم کورٹ بار کی مشاورت کے بعد ملک کی تمام اہم بار کونسلوں سے اس بارے مشاورت کی ہے۔ مشاورت مکمل ہوتے ہی سپریم کورٹ میں مہنگائی کے خلاف رٹ دائر کی جائے گی۔