اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک/اے پی پی)وزیراعظم کے مشیربرائے خزانہ ومحصولات شوکت ترین نے آٹے اورچینی کی قیمتوں میں استحکام پراطمینان کااظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت ملک بھر میں اشیائے ضروریہ کی سہل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔وفاقی مشیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ سویابین اور پام آئل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو دیں گے
، گھی اورخوردنی تیل کی کم قیمتوں پر درآمد کی گئی، مہنگائی میں کمی آرہی ہے۔انہوں نے یہ بات بدھ کویہاں نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری صنعت و پیداوار، سیکرٹری قومی غذائی تحفظ وتحقیق، ایڈیشنل سیکرٹری تجارت ، صوبائی چیف سیکرٹریز، چیف شماریات پی بی ایس، چئیرمین ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان، ایم ڈی یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ملک میں روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں کا جائزہ لیاگیا۔سیکرٹری خزانہ نے اجلاس کے شرکاکو افراط زر کی صورتحال سے آگاہ کیا اوربتایا کہ گزشتہ ہفتہ کے دوران افراط زرکی شرح میں 0.07 فیصد کی کمی ہوئی ہے ۔گزشتہ ہفتے کے دوران 9 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی اور 23 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا جبکہ 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ہوا۔ ہفتہ رفتہ میں ٹماٹر، آلو، چکن اورآٹے کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے،پنجاب، خیبرپختونخوا اوراسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری انتظامیہ کے فعال اقدامات کی وجہ سے 20 کلو آٹے کی قیمت 1100 روپے پربرقرار ہے ۔ تمام صوبائی حکومتوں کی طرف سے روزانہ گندم کے اجراء سے قومی سطح پر گندم کی قیمتوں میں مزید کمی آئی ہے ۔مشیرخزانہ نے سندھ حکومت کی کوششوں کو سراہا اور کراچی اور حیدرآباد میں آٹے کی سرکاری قیمتوں پر دستیابی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ ملک میں چینی کی قیمتوں کا جائزہ لیتے ہوئے سیکرٹری خزانہ نے بتایا کہ چینی کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں۔ چینی کے نئے سٹاک مارکیٹ میں آ رہے ہیں جس سے قیمتیں مزید کم ہو جائیں گی۔مشیر خزانہ نے مارکیٹ میں چینی کی قیمتوں میں استحکام پر اطمینان کا اظہار کیا۔ چیئرمین ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان نے خوردنی تیل کی کم قیمت پر درآمدات کی دستیابی کے مختلف آپشنز کے بارے میں پریزنٹیشن دی۔ اجلاس میں برانڈڈ اور غیر برانڈڈ خوردنی تیل کی کھپت کی طرز پر تفصیل سے غور کیا گیا۔ اجلاس میں دونوں کیٹیگریز کے درمیان قیمتوں کے فرق کو بھی نوٹ کیا گیا اور مناسب قیمتوں پر خوردنی تیل کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے بے ضابطگیوں کو دور کرنے کی ہدایت کی گئی۔ دالوں کی پیداوار کا جائزہ لیتے ہوئے اجلاس کوبتایا گیا کہ گزشتہ ہفتے میں دالوں کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ہوا ہے۔مشیر خزانہ نے وزارت قومی غذائی تحفظ اور تحقیق کو ہدایت کی کہ وہ دالوں کی بین الاقوامی قیمتوں میں اتارچڑھاؤ پر نظر رکھے اور اس کے مطابق ملک میں قیمتوں میں اضافے سے بچنے کے لیے درآمد کی منصوبہ بندی کرے۔ اجلاس میں ملک میں دودھ کی قیمتوں کا بھی جائزہ لیا اور ملک بھر میں دودھ کی قیمتوں میں فرق نوٹ کیا گیا۔مشیرخزانہ نے تمام صوبائی چیف سیکرٹریز کو ہدایت کی کہ وہ دودھ کی قیمتوں میں بے جا اضافہ پر نظر رکھیں۔ مشیر برائے خزانہ نے کہا کہ حکومت ملک بھر میں اشیائے ضروریہ کی ہموار فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔