کراچی(این این آئی) شہر قائد میں پولیو کے قطرے پلانے سے انکار پرپولیس اہلکار نے شہری کو گولی مار دی، زخمی کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔واقعہ نیو کراچی سیکٹر 5-F اللہ والی مسجد کے قریب پیش آیا،ذرائع کے مطابق والدین کی جانب سے بچے کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار پر تلخ کلامی ہوئی،اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر کے گن مین کی جانب سے گولی چلائی گئی۔
عوام نے پولیس موبائل کو گھیر لیا جبکہ رینجرز بھی موقع پر پہنچ گئی ہے جبکہ ایس ایس پی سینٹرل نے فوری موقع پر پہنچ لر صورت حال کو کنٹرول کر لیا ہے۔فائرنگ سے زخمی ہونیوالے شہری کی شناخت 35 سالہ عقیل احمد ولد نسیم کے نام سے ہوئی ہے، مضروب کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔فائرنگ میں ملوث گن مین کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا گیاہے۔علاقہ پولیس ضابطے کی کارروائی عمل میں لا رہی ہے۔ذرائع کے مطابق نیو کراچی میں پولیس گردی کا نشانہ بن کر گولی لگنے سے زخمی ہونے والا نوجوان عقیل اپنے والد کے ہمراہ پکوان سینٹر پر کام کرتا ہے۔نوجوان نے پولیو ورکرز سے شکوہ کیا کہ سو سے زائد مرتبہ پولیو کے قطرے پلا چکے ہو دو دن پہلے بھی پلاکر گئے تھے گھر پر کوئی مرد نہیں ہوتا ہمیں کام چھوڑ کر آنا پڑتا ہے میں نہیں پلوارہا اپنے بچوں کو آپ لوگ جاو جس پر پولیس اہلکار نے تلخ کلامی کے بعد اسکو گولی مار کر زخمی کردیا۔دوسری جانب ڈپٹی کمشنر پشین ظفرعلی محمدشہی نے کہا ہے کہ پولیو کا خاتمہ ہمارا عزم ہے اور والدین اپنے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کے لیے پولیو سے بچاو کی حفاظتی ویکسین پلوائیں، 13 دسمبر سے19 دسمبر کے دوران پولیو مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے ہر مکتبہ فکر سے وابستہ آفراد اپنا بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے محکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں پشین میں قومی انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال پشین میں بات چیت کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ھیلتھ آفیسر ڈاکٹر ارباب کامران کاسی، این سٹاف ڈاکٹر محمدیوسف، محکمہ صحت کے آفیسران، ڈبلیو ایچ او اور یونیسف کے نمائندے بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ڈپٹی
کمشنر کو بتایا گیا کہ پیر کے دن 13 دسمبر سے شروع ہونیوالی قومی انسداد پولیو مہم کے دوران ضلع پشین کے تمام 43 یونین کونسلوں میں ایک لاکھ 33 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاو کے حفاظتی پولیو کے قطرے پلائے جائینگے، جس کیلئے تمام انتظامات مکمل کئے گئے ہیں، ضلعی محکمہ صحت کے زیر نگرانی پولیو کی
ٹیمیں گھر گھر جاکر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گی، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو ایک موذی اور لا علاج مرض ہے اس مرض کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرنا ہو ں گے،اس سلسلے میں تمام طبقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو کردار ادا کرنا ہوگا، والدین کی بھی بڑی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنے پانچ سال
تک بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے ضرور پلا ئیں اور حکومت کی انسداد پولیو مہم کا ساتھ دیں۔انہوں نے کہا کہ پولیو کی وجہ سے ہمارے بچے ہمیشہ کے لیے معذور ہورہے ہیں بچے ہمارا مستقبل ہیں ہمیں اپنے بچوں کے مستقبل کا خیال رکھنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کے اہلکاروں کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ انسداد
پولیو مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرانے کے لیے کردار ادا کریں اور گھر گھر جاکر پانچ سال تک کے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے ضرور پلا ئیں تاکہ ہمارا ایک بھی بچہ مہم سے محروم نہ رہ جائے۔انہوں نے تمام والدین سے اپیل کی کہ انسداد پولیو کی ہر مہم کے دوران اپنے پانچ سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو پولیو سے پاک معاشرہ فراہم کرنے میں کامیاب ہو سکیں۔