اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی )اسلام آ باد پولیس کے نئے انسپکٹر جنرل ( آئی جی ) محمد احسن یونس نے اپنی پوری ٹیم ہی تبدیل کروا دی۔تفصیلات کے مطابق نئی ٹیم کے لیے ڈی آئی جی، ایس ایس پی اور ایس پی عہدے کے 11 افسران تبدیل کر دیے گئے جبکہ پنجاب سے 9 افسران اسلام آباد تعینات کرا دیے گئے ہیں۔نجی ٹی وی جیو کے مطابق گریڈ20 کے افسر محمد سلیم کو
تبدیل کرکے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس میں تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ گریڈ20 کے افسر وقار الدین سید کی خدمات حکومت گلگت بلتستان کے سپرد کی گئی ہیں۔ دو نوں افسران نے احسن یونس کی تقرری کی وجہ سے یہ تبادلہ کرایا جو ان سے جو نیئر ہیں۔ دوسری جانب گلگت بلتستان میں تعینات گریڈ 20 کے افسر اویس احمد اور پنجاب حکومت میں تعینات گر یڈ 20 کے افسر جہانزیب نذیر خان کو تبدیل کرکے اسلام آ باد پولیس میں تعینات کر دیا گیا ہے۔پولیس گریڈ 19 کے 5 افسر بھی تبدیل کیے گئے ہیں، فلائٹ لیفٹیننٹ (ر) فرخ رشید کو تبدیل کرکے گلگت بلتستان بھیج دیا گیا ہے جبکہ محمد سلیمان کی خدمات حکومت خیبر پختونخوا کے سپرد کر دی گئی ہیں۔سر فراز خان ورک کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ عرفان طارق کی خدمات بھی خیبر پختونخوا حکومت کے سپرد کی گئی ہیں۔ دوسری جانب آئی جی اسلام آباد محمد احسن یونس کا روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہری کا انعقاد، کھلی کچہری میں آنے والے 20 شہریوں کے مسائل سنے محکمہ پولیس کے حاضر سروس اور سابقہ ملازمین نے بھی اپنے مسائل پیش کیے۔تفصیلات کے مطابق آئی جی اسلام آباد محمد احسن یونس نے سنٹرل پولیس آفس میں آج دوسری کھلی کچہری کا انعقاد کیا،جس میں 20شہریوں کے مسائل سنے محکمہ پولیس کے حاضر سروس اور سابقہ ملازمین نے بھی اپنے مسائل پیش کئے،آئی جی اسلام آباد نے شہریوں کے مسائل سن کر بذریعہ فون متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا مارک کردہ درخواستوں پر دیے گئے ٹائم فریم میں قانونی کاروائی کرکے رپورٹ پیش کی جائے،انھوں نے مزید کہا کہ شہریوں کے مسائل کا حل میری اولین ترجیح ہے، کھلی کچہری کے انعقاد سے خود احتسابی کے عمل کو بھی یقینی بنایا جاسکے گا، تمام افسران پبلک سروس ڈیلیوری کو بہتر بنائیں، شہریوں کے مسائل کو تھانہ لیول پر حل کیا جائے۔