کراچی (این این آئی)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ سندھ کیلئے فیصلے کا وقت آگیا اور کراچی اب اپنے حق کا انتظار نہیں کرے گا۔تحریک انصاف کی آل اسٹیک ہولڈرز کانفرنس سے خطاب میں اسد عمر نے کہ اکہ وزیراعلیٰ نے اختیارات کی منتقلی کا وعدہ پورا نہیں کیا، نظام کا مسئلہ کسی سیاسی جماعت کا نہیں پورے سندھ کا ہے۔انہوںنے کہاکہ کراچی میں رہنے
والوں کی آواز بھی سْننی چاہیے، چاہے جتنی بار یہ لوگ ہمیں اقلیت کہیں، سندھ اسمبلی میں آواز اْٹھاتے رہیں گے۔وفاقی وزیر نے کہاکہ سندھ حکومت کا بلدیاتی قانون آئین کے مطابق نہیں اس میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔ سندھ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ سندھ کیلئے فیصلے کا وقت آگیا اور کراچی اب اپنے حق کا انتظار نہیں کرے گا، صوبے کا دارالحکومت کسی سے بھیک نہیں مانگ رہا۔بعدازاںد تحریک انصاف کے تحت آل اسٹیک ہولڈرز کانفرنس میں سندھ کے بلدیاتی قانون کے خلاف مشترکہ قرارداد منظور کرلی گئی۔کراچی میں منعقدہ کانفرنس کی مشترکہ قراداد میں کہا گیا کہ سندھ بلدیاتی قانون آئین پاکستان کی اصل روح سے متصادم ہے۔قرارداد کے متن کے مطابق سندھ بلدیاتی قانون میں بلدیاتی حکومت کو با اختیار بنایا جائے، بلدیاتی اداروں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔مشترکہ قرارداد میں کہا گیا کہ میعاد مکمل ہونے پر انتخابات مخصوص مدت کے اندر کروائے جائیں، گزشتہ 15 برسوں سے پی ایف سی کا انعقاد نہیں کیا گیا۔قراداد کے متن کے مطابق صوبائی مالیاتی کمیشن ایوارڈ کا فوری اعلان کیا جائے