راولپنڈی (آ ن لائن ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی سینیٹ کی آرمڈ سروسز اینڈ انٹیلی جنس کمیٹی کے ارکان نے سینیٹر آنگس کنگ کی قیادت میں ملاقات کی ہے۔وفد میں سینیٹر رچرڈ بر، سینیٹر جان کارن اور سینیٹر بینجمن ساس شامل تھے۔پاکستان کیلئے امریکی
ناظم الامور انجیلا اگیلر بھی وفد کے ہمراہ تھیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق دوران ملاقات باہمی دلچسپی کے امور،افغانستان کی موجودہ صورتحال اور مختلف شعبو ں میں دوطرفہ تعاون کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔آرمی چیف کا اس موقع پر کہناتھا کہ پاکستان تمام علاقائی کرداروں کے ساتھ پائیدار دوطرفہ رابطوں کو برقرار رکھنے کا خواہاں ہے اور پرامن و کثیر النوعیت تعلقات کا خواہاں ہے۔آرمی چیف نے زور دیا کہ افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے کیلئے عالمی دنیا فوری کردار ادا کرے۔افغان عوام کی معاشی بہتری کیلئے منظم کوششیں درکار ہیں ۔آرمی چیف نے درپیش چیلنجزکے پیش نظر جیو سیاسی و سیکورٹی صورتحال کو باہمی طور پر سمجھنے میں سینیٹر ز کی کوششوں کی تعریف کی ۔امریکی سینیٹرز نے افغان صورتحال بالخصوص بارڈر منیجمنٹ اور علاقائی استحکام کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔