لاہور( این این آئی)ٹیکنالوجی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین وقار ذکا ء نے کہا ہے کہ کرپٹو کرنسی اس وقت دنیا کی محفوظ ترین کرنسی بن چکی ہے،پاکستان کرپٹو کرنسی کی خرید و فروخت میں تیسرے نمبر پر آگیا تاہم
ریگولیٹ نہ ہونے کی وجہ سے حکومت کو اس کا کوئی فائدہ نہیں ہو رہا۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ بٹ کوائن 57 ہزار ڈالر سے کم ہو کر 45 ہزار ڈالر پر گیا اور پھر بہت جلدی ریکور ہو کر 51 ہزار ڈالر پر چلا گیا، چنانچہ یہ سرمایہ کاری کرنے کے لیے نہایت محفوظ ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں غیر یقینی حالات کی وجہ سے معاشی بحران آیا جس میں بینک بھی بند ہوگئے، صرف وہی افراد نقصان سے محفوظ رہے جنہوں نے بٹ کوائن میں سرمایہ کاری کر رکھی تھی، وہ دنیا میں کہیں بھی اسے کیش کروا سکتے ہیں۔اس کرنسی کے پاکستان میں ریگولیٹ نہ ہونے کی وجہ سے حکومت کو اس کا کوئی فائدہ نہیں ہورہا لیکن امید ہے کہ جلد ہی اسے ریگولیٹ کرلیا جائے گا۔