اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم نے کھیلوں کی پالیسیوں میں تبدیلی کی ہے جس کے تحت مافیاز کے پرانے سسٹم کو ختم کردیا جائیگا،جب آپ کھیلوں کے میدانوں میں مقابلہ کرنا سیکھتے ہیں تو آپ کو جیتنا بھی آتا ہے ،ہار کی وجوہات بھی سمجھ آتی ہیں، آپ ہار سے دلبرداشتہ نہیں ہوتے ،اس سے سیکھتے ہیں ،پھر نوجوان مشکل وقت سے گھبراتا نہیں ،
ہماری دو صوبائی حکومتوں اور وفاقی حکومت نے 47 ارب روپے کی اسکولرشپس دی ہیں جس سے 63 لاکھ نوجوان مستفید ہوں گے۔کامیاب جوان اسپورٹس ڈرائیو کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم نے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کامیاب نوجوان پروگرام پر انہیں سراہا۔وزیر اعظم نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کے لیے اس لیے ضروری ہے کہ جب آپ کھیلوں کے میدانوں میں مقابلہ کرنا سیکھتے ہیں تو آپ کو جیتنا بھی آتا ہے اور ہار کی وجوہات بھی سمجھ آتی ہیں، آپ ہار سے دلبرداشتہ نہیں ہوتے بلکہ اس سے سیکھتے ہیں اور پھر نوجوان مشکل وقت سے گھبراتا نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ ہارتے تب ہیں جب آپ دلبرداشتہ ہوتے ہیں، یہ سب سے بڑا سبق ہے کہ کھیل آپ کو برے وقت کا مقابلہ کرنا سکھاتے ہیں، یہ زندگی کا وہ سبق ہے جو کوئی اور شعبہ نہیں سکھاتا۔وزیر اعظم نے کہا کہ کھیل آپ کی صحت کے لیے ضروری ہے اور صحت اللہ کی نعمت ہے، پاکستان وہ ملک ہے جہاں 70 فیصد افراد کی عمر 30 سال سے کم ہے تو ہمارے کوشش ہے کہ ہر محلے میں کھیلوں کے میدان ہوں، ہم خیبر پختونخوا اور پنجاب میں کئی میدان تعمیر کر چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میری حکومت پوری کوشش کر رہی ہے کہ ہم آپ کو بہتر تعلیم کا موقع دیں، ہماری دو صوبائی حکومتوں اور وفاقی حکومت نے 47 ارب روپے کی اسکولرشپس دی ہیں جس سے 63 لاکھ نوجوان مستفید ہوں گے۔عمران خان نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ پاکستان، بین الاقوامی سطح پر ہر کھیل میں شرکت کرے، اس کے لیے کھیلوں کے میدان، ایکسیلنس سینٹر بنانے کی ضرورت ہے۔انہوںنے کہاکہ ہم نے کھیلوں کی پالیسیوں میں تبدیلی کی ہے جس کے تحت مافیاز کے پرانے سسٹم کو ختم کردیا جائے گا۔