لاہور( این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ نے کہاہے کہ آڈیو ویڈیو پیپلزپارٹی کاوتیرہ نہیں ،جن کا یہ کام ہے انہی کو مبارک ہو،جیالوں نے لاہور گرما دیا ،مہنگائی اور روزگار کے حالات کی وجہ سے لوگ تنگ ہیں ۔گزشتہ روز اتوار کو حلقہ این اے 133کے ضمنی انتخاب میںپارٹی کے کیمپوں کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ
پی ٹی آئی نے فرار کا راستہ اختیار کیا جو افسوسناک ہے ،پیپلز پارٹی پاکستان کی سب سے بڑی جماعت ہیں جو اپنے نظرئیے کی بنیاد پر قائم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی طاقت کو ملائیت کی بنیاد پر ختم کرنے کی کوشش کی گئی ،ضمنی الیکشن کے بعد پیپلز پارٹی کی تنظیم نو اور تیزی سے ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ساری پارٹی ایک جان ہے مل کر پارٹی کومضبوط بنائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بحرانوں سے نکلنے کا واحد راستہ الیکشن ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ عدم اعتماد کر کے نئی حکومت کے ذریعے انتخابی قوانین بنائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ سانحہ سیالکوٹ سے ساری قوم کے سر شرم سے جھک گئے ہیں،ملک میں آزاد سیاست اور صحافت ہونے دو،کیونکہ آج دردناک صورتحال ہے،سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن پاکستان کیلئے ہم سب متحد ہیں۔