اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک /اے پی پی )نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کے دوران وزیراطلاعات فواد چودھری نے بھی اعتراف کر لیا ہے کہ مہنگائی نے ان کا بیٹرہ غرق کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق فواد چودھری نے کہا کہ وہ اچھی خاصی تنخواہ لے رہے تھے،
اب 2، اڑھائی لاکھ پر آ گئے ہیں۔ فواد چودھری نے خود کو غریب آدمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ بات سچ ہے کہ مہنگائی ہوئی ہے اور تنخواہ دار طبقہ زیادہ متاثر ہوا ہے اور انہیں مہنگائی کی چبھن زیادہ ہوئی ہو گی۔دوسری جانب وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے دینہ میں لاہور کے نجی سکول کی ٹرپ کوسٹر کو پیش آنے والے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اتوار کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ افسوسناک ہے، حادثے میں جاں بحق ہونے والے ٹیچر اور طالبات کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے درجات بلند اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ انہوں نے حادثے میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی