کابل (این این آئی)افغانستان کے وزیراعظم حسن اخوند نے کہا ہے کہ خراب معیشت کی ذمہ دار پچھلی حکومت ہے، دنیا کو یقین دلاتے ہیں کسی کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کریں گے۔افغان میڈیا کے مطابق طالبان کی حکومت کے وزیراعظم حسن اخوند نے عوام سے پہلاآڈیو
خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں کسی کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتے، اپنی سرزمین کی دوبارہ تعمیر اور اپنے عوام کی خدمت میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہاکہ عالمی برادری پریشانیوں میں گھری افغان عوام کی امداد کرے، منجمد اثاثے جاری کئے جائیں ہم عالمی برادری کیساتھ اچھے اقتصادی تعلقات برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔حسن اخوند نے کہا کہ افغان خواتین محفوظ ہیں اور ان کی حفاظت اہم ہوگی، خواتین کی تعلیم کاسلسلہ بھی جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ افغان بینکوں کو مشکلات سے نکالنے کیلئے اقتصادی کمیشن، سیاسی امور چلانے کیلئے سیاسی کمیٹی اور ملازمین کی تنخواہوں اور دیگر امور پر کام کرنے کیلئے تنظیمی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔