مکہ مکرمہ(این این آئی)سعودی عرب میں حرمین شریفین کے امور کے نگران ادارے نے کہا ہے کہ حرم مکی شریف (مسجد الحرام) کا تیسرا توسیعی منصوبہ مکمل کرلیا گیا ہے۔سعودی اخبار کے مطابق مسجد الحرام میں معتمرین اور نمازیوں کی سہولت کے لیے تیسرا توسیعی منصوبہ مکمل ہوگیا ہے
، اس منصوبے میں معتمرین اور نمازیوں کے لیے گنجائش میں مزید اضافہ کیا گیا ہے اور رش کو کنٹرول کرنے کے لیے جدید مکینزم بنایا گیا ہے۔توسیعی منصوبے میں مسجد الحرام کے مینار، نئے کوریڈورز اور جدید ائیرکنڈیشنگ نظام بھی شامل ہے۔تیسرے توسیعی منصوبے کے پروجیکٹ ڈائریکٹر انجینئر ولید المسعودی کے مطابق معتمرین اور نمازیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کے لیے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ولید المسعودی کے مطابق ٹھنڈا آب زم زم فراہم کرنے کے لیے جدید ریفریجریٹر نصب کیے گئے ہیں اور جدید ٹیکنالوجی کی لائٹس نصب کی گئی ہیں جو ضرورت کے مطابق روشنی فراہم کریں گی۔خیال رہے کہ کورونا وبا کے باعث تقریباً ایک سال کے وقفیکے بعد حرم مکی کے تیسرے توسیعی منصوبے کو رواں سال جولائی میں دوبارہ شروع کیا گیا تھا۔ تیسرے توسیعی منصوبے کا اعلان خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان نے 2015 میں کیا تھا جسے 6 سال کی مدت میں مکمل کرلیا گیا ہے۔