راولپنڈی (این این آئی)ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر راولپنڈی ڈاکٹر احسان غنی نے کہا ہے کہ ابتدائی ڈیٹا کے مطابق کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون وائرس کی علامات معمولی نزلہ زکام والی ہیں مگر اس کا حملہ پھیپھڑوں پر بہت شدید ہوتا ہے جس کی وجہ اس کو خطرناک سمجھا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون سے نمٹنے کیلئے شہری احتیاطی تدابیر پر دوبارہ سے سختی عمل درآمد شروع کریں۔ ابھی اس وائرس کے بارے میں زیادہ مصدقہ معلومات دستیاب نہیں مگر پوری دنیا میں خطرے کی گھنٹیاں بج گئی ہیں۔ کورونا وائرس نئی قسم کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے، ڈاکٹر احسان غنی نے کہا کہ کورونا کی گزشتہ لہروں ہر قابو پانے میں ویکسینیشن کا کردار انتہائی اہم رہا ہے لہذا کورونا کی نئی قسم سے بھی نمٹنے کیلئے اپنی ویکسین بروقت مکمل کی جائے اور جن لوگوں نے ابھی تک ویکسینیشن نہیں کرائی وہ پہلی فرصت میں ویکسینیشن مکمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ ابھی کورونا کی نئی قسم پاکستان میں موجود نہ ہے مگر شہریوں کو چاہئے کہ سماجی فاصلہ، ماسک کی پابندی اور ہاتھ دھونے کی عادت کو جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کورونا کی کسی بھی لہر سے دوبارہ نبردآزما ہونے کے لئے تیار ہے اور ہیلتھ سسٹم اسقدر استعدادکار موجود ہے کہ دوبارہ کورونا پھیلتا ہے تو اس پر قابو پانے کیلئے عملی اقدامات فوری کئے جا سکیں۔