لاہور (آن لائن) نیشنل کریکولم کونسل نے ایک مرتبہ پھر یو ٹرن لیتے ہوئے پرائمری سے پانچوی کلاس تک کا یکساں نصاب تعلیم سے متعلق سلیبس تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مختلف پبلشرز کے ذریعے مذکورہ کلاسوں پر مشتمل یکساں نصاب تعلیم کے تحت شائع کی جانے والی ہزاروں کتب ردی بن کر رہ جائیں گی۔ کونسل نے نئی کتابوں کی اشاعت کے لئے نجی پبلشرز سے
کتابوں کے مسودے طلب کرلئے ہیں۔ اس حوالے سے پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل کریکولم کونسل کی نئی ڈائریکٹر نے عہدہ سنبھالتے ہی یکساں نصاب تعلیم کے حوالے سے پہلے سے شائع شدہ کتابوں کا معیار غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کتابوں کو از سر نو تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جس کے لئے مختلف اساتذہ کو کتابوں کا مسودہ تیار کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں اور ان سے 15 دسمبر تک مسودات طلب کرلئے ہیں۔ واضح رہے کہ نیشنل کریکولم کونسل نے اگست 2021ء میں یکساں نصاب تعلیم کے تحت پرائمری سے پانچویں کلاس تک کی لاکھوں کتابیں شائع کروائی تھیں جبکہ نئی کتابوں کی اشاعت کے حوالے سے جملہ حقوق نجی پبلشرز کو سونپ دئیے جائیں گے۔