لندن (این این آئی)کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون کے خطرات کے پیشِ نظر برطانیہ نے منگل سے کورونا کی پابندیاں دوبارہ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق
دکانوں، پبلک ٹرانسپورٹ میں ماسک لگانے کی پابندی ہوگی، برطانیہ آنے والے تمام مسافروں کو کورونا وائرس کا پی سی آر ٹیسٹ کروانا ہوگا۔رپورٹ کے مطابق برطانیہ آنے والے تمام افراد کو منفی کورونا وائرس رجسٹر ہونے تک تنہائی میں رہنا ہوگا۔کورونا وائرس کی نئی قسم کے باعث برطانیہ 10 افریقی ممالک پر سفری پابندیاں لگا چکا ہے۔برطانوی سیکرٹری صحت ساجد جاوید کا کہنا ہے کہ منگل سے پبلک ٹرانسپورٹ اور دکانوں میں ماسک پہننا لازمی ہوگا، پبس اور ریسٹورنٹس کو ماسک کی شرط سے مستثنی قرار دیا گیا ہے۔ساجد جاوید نے کہا کہ عوام کرسمس پروگرام معمول کے مطابق ترتیب دیں، نئے قواعد پر تین ہفتوں بعد نظرثانی کی جائے گی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق نومبر کے آغاز کے بعد ملک بھر میں کورونا کی شرح میں اضافہ ہوا ہے، ہفتہ کے روز بھی کورونا کے 39567 کیسز سامنے آئے تھے۔