اسلام آباد(این این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے الیکشن کمیشن میں معافی نامہ جمع کرادیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر پر الزامات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی جانب سے نوٹس جاری کرنے پر فواد چودھری نے الیکشن کمیشن کے
روبرو پیش ہوکر اپنے بیان پر معذرت کی تھی، الیکشن کمیشن نے فواد چودہری سے تحریری معافی نامہ طلب کیا تھا، جو آج فواد چوہدری نے جمع کرادیا ہے، الیکشن کمیشن فواد چوہدری کے معافی نامہ پر فیصلہ جاری کرے گا۔10 ستمبر کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کے اجلاس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے معاملے پر اعظم سواتی نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن نے پیسے پکڑے ہوئے ہیں۔ الیکشن کمیشن ملک کی جمہوریت کو تباہ کرنے کا باعث ہے، آپ جہنم میں جائیں، ایسے اداروں کو آگ لگا دیں۔جس کے بعد فواد چوہدری نے اعظم خان سواتی کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران چیف الیکشن کمشنر پر نواز شریف سے وابستگی کا الزام لگاتے ہوئے انہیں سیاست میں آنے کا مشورہ دیا تھا۔