اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی رپورٹ میں کورونا وائرس کیلئے مختص فنڈز میں اربوں روپے کی مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے، روزنامہ جنگ میں بلال عباسی کی خبر کے مطابق وینٹی لیٹرز خریداری میں چینی کمپنی کو 7 لاکھ ڈالر اضافی دیئے گئے۔ وینٹی لیٹرز کی
خریداری میں بھی کروڑوں روپے کی مالی بے ضابطگیاں پائی گئیں۔ کورونا کے دوران کیے گئے اخراجات سے متعلق آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے رپورٹ جاری کر دی۔ رپورٹ کے مطابق وینٹیلیٹر کی خریداری میں چینی کمپنی کو 7لاکھ ڈالر اضافی دیے گئے، چینی کمپنی سے 80 وینٹیلیٹر کی خریداری 12 لاکھ 77ہزار ڈالر میں کی گئی تاہم کمپنی کو 19لاکھ 77ہزار ڈالر کی ادائیگی کی گئی۔ جاری کردہ رپورٹ کے مطابق اشیاء کی خریداری کے دوران قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے معاہدے کیے گئے، رپورٹ میں کورونا کے دوران 140مردہ افرد کے نام پر بھی خطیر رقوم کی تقسیم کا انکشاف ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ریسورس مینجمنٹ سسٹم کی تنصیف میں پروکیورمنٹ قوانین کی خلاف ورزیاں کی گئی، پنجاب میں 26ہزار 555افراد نے جعلسازی کر کے کورونا اور زکوٰۃ فنڈز سے رقوم حاصل کیں، 1ارب 59کروڑ کی رقم کی تقسیم بھی غیرقانونی قرار دی گئی، جبکہ 6ارب 84کروڑکی ادائیگی بھی مشکوک قرار دے دی گئیں۔